الیکشن سے پہلے ہی کرپٹ عناصر کا احتساب کرکے فوری طور پر نااہل قراردیا جائے!

مجلس شوریٰ کے اجلاس میں صدیقی لاثانی سرکار صاحب نے فرمایا کہ ہم چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ این آر او اور کرپشن میں ملوث تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین' اراکین' ممبران قومی و صوبائی اسمبلی' اراکین سینٹ' قومی اداروں کو نقصان پہنچانے والے سرکاری عہدیداران' بیورو کریٹس اور افسران کا الیکشن سے پہلے شفاف احتساب کرکے ملوث افراد کو فوراً نااہل قرار دیا جائے تاکہ اہل افراد منتخب ہوں۔ اس سلسلے میں سپریم کورٹ کی زیر نگرانی خصوصی احتساب عدالتیں قائم کی جائیں اور لوٹی ہوئی ملکی دولت کو واپس قومی خزانے میں جمع کروانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے تاکہ معیشت مضبوط ہو اور عوام خوشحال ہوں۔ اور اگر حکومت اور اس کے ادارے ذاتی مفادات کی سیاست کرتے ہوئے تعاون نہیں کرتے تو چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی اور افواجِ پاکستان کی مدد حاصل کی جائے۔ آپ کے اس اقدام سے نہ صرف کروڑوں لوگوں کی حمایت اور دعائیں آپ کے ساتھ ہونگیں، بلکہ پوری دنیا میں پاکستان کی عدلیہ اور افواج کا وقار بھی بلند ہوگا۔

حقیقی نمائندے کے لئے ووٹ